ڈیرہ غازیخان ( صبھح پا کستان)وفاقی وزیر برائے ماحولیات محترمہ زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ تعلیم ہی وہ بنیادی ہتھیار ہے جس سے ہم دنیا کے کسی بھی ملک کے مقابلے میں کھڑے ہو سکتے ہیں انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں اب پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے انہوں نے یہ بات غازی یونیورسٹی میں پاکستان بیت المال اور غازی یونیورسٹی کے مابین مالی معاونت کے معاہدے کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ملک کے تمام تعلیمی اداروں میں بہتری کے اقدامات پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور غازی یونیورسٹی کیلئے مزید خصوصی پیکج لائے جائیں گے جن سے یہ یونیورسٹی بہت جلد ملک کی دیگر ترقی یافتہ یونیورسٹیز کے مقابلے میں کھڑی ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان خان بزدار پسماندہ علاقوں اور اداروں کی بہتری کے لیے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں . . اس موقع پر وائس چانسلر غازی یونیورسٹی اور منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال نے معاہدے پر دستخط کیے .۔ معاہدہ کے تحت غازی یونیورسٹی کے مستحق طلباء و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر پانچ ملین روپے کی رقم سے تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔ یونیورسٹی کے ملٹی پرپز ہال میں منعقد ہ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کے بعد نعت رسول مقبولﷺ پیش کی گئی۔ میزبانی کے فرائض ڈائریکٹر فنانشل ڈویلپمنٹ ڈاکٹر جاوید حسن اختر نے ادا کیے۔اس موقع پر یونیورسٹی کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔ رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل (تمغہ امتیاز) نے پاکستان بیت المال اور محترمہ زرتاج گل وزیر کا شکریہ ادا کیا جن کی خصوصی دلچسپی سے غازی یونیورسٹی کے غریب اور مستحق طلباء و طالبات کی مالی معاونت کا انتظام ہوا۔ منیجنگ ڈائریکٹر عون عباس بپی نے پاکستان بیت المال کی کارکردگی بارے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں بیت المال کی طرف سے ڈیرہ غازی خان میں جتنی امداد ہوئی اس سے کہیں زیادہ پچھلے دوماہ میں کرائی گئی جس کا تمام کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان کو جاتا ہے جن کی بہترین پالیسیوں اور موثر اقدامات کی بدولت پاکستان بیت المال کی کارکردگی میں کافی بہتری آئی ہے۔ تقریب میں مہمان خصوصی محترمہ زرتاج گل وزیر کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئی۔ بعدازاںیونیورسٹی کے سبزہ زار میں کلین اینڈ گرین پاکستان کے تحت شجر کاری کی گئی۔ محترمہ زرتاج گل وزیر اور عون عباس بپی نے پودے لگائے .