ڈیرہ غازیخان. (صبح پا کستان).وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں انٹر سٹی بس سروس کا آغاز کر دیاگیاہے . کمشنر ڈیرہ غازیخان ڈویژن طاہر خورشید نے ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار ،رکن اسمبلی اور دیگر منتخب نمائندوں کے ہمراہ بس کی ٹیسٹ رن سروس کا افتتاح کیا اس حوالے سے ملک کے سنگم چوک پر تقریب کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈی پی او عاطف نذیر ، ایم پی اے ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ ، میئر شاہد حمید چانڈیہ ، ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف ملک محمد اقبال ثاقب ، مشیر صحت کے بھائی؍ نائب صدر چیمبر آف کامرس محمد لطیف خان پتافی ، کمپنی کے سی ای او عبدالرحمن ، ڈویژنل و ضلعی افسران موجودتھے . اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کمشنر نے کہاکہ شہر کے اہم کاروباری ، تعلیمی اور ہیلتھ مراکز کو روٹ میں شامل کیاگیاہے . تقریبا پونے سات کلو میٹر روٹ میں 15سٹاپ تجویز کیے گئے ہیں پہلے تین سٹاپ کا کرایہ دس روپے دیگر کیلئے 20روپے ہو گا . ایئر کنڈیشنڈ بس میں سکیورٹی، اناونسمنٹ اور دیگر جدید نظام نصب کیاگیا ہے خواتین اور بچوں کیلئے علیحدہ نشستیں مختص کی گئی ہیں . مرحلہ وار ای ٹکٹنگ اور سٹیشن کا قیام کیا جائے گا. انہوں نے کہاکہ سال نو کے موقع پر وزیر اعلی کی طرف سے شہریوں کیلئے تحفہ ہے . کمپنی کی طرف سے پہلے دو روز مفت سفری سہولیات میسر ہوں گی . انہوں نے کہاکہ دوسرے مرحلے میں شہر کیلئے مزید بسیں منگوائی جائیں گی اور رہ جانے والی آبادی اور مراکز کو روٹ میں شامل کیا جائے گا. انہوں نے کہا کہ آرام دہ بس سروس میں شہریوں کو پرسکون ماحول فراہم کیا جائے گا. ہر سٹاپ پر دس منٹ میں بس پہنچے گی اور پورے روٹ کا سفر 26منٹ میں طے کیا جائے گا . کمشنر طاہر خورشید ، ڈپٹی کمشنر میاں محمد اقبال مظہر مہار ، سیکرٹری آر ٹی اے محمد شاہد ، میئر شاہد حمید چانڈیہ ، ملک محمد اقبال ثاقب اودیگر افسران و شہریوں نے بس کا سفر بھی کیا اور روٹ کا جائزہ لیا. کمشنر نے مختلف مقامات پر تجاوزات کے خاتمہ ، صفائی اور دیگر صورتحال کی بہتر ی کیلئے بھی احکامات جاری کیے .