ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان)۔مشیر صحت محمد حنیف خان پتافی نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازیخان کے وسط میں گزرنے والی مانکہ کینال کی تزئین و آرائش کی جائے گی . چوک چورہٹہ سے پل ڈاٹ تک سیوریج کے پانی کی نکاسی کیلئے 72انچ چوڑی نئی پائپ لائن بچھائی جائے گی اور شہر کے سیوریج مسئلہ کے مستقل حل کیلئے الگ سکیم تیار کی جار ہی ہے . وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ذاتی دلچسپی سے ڈیرہ غازیخان میں میٹروپولیٹن کے قیام کی منظوری دے دی گئی ہے . ڈیرہ غازیخان کیلئے میگا پراجیکٹ لے کر آئیں گے اور آئندہ بجٹ میں ضروری فنڈز مختص کرائے جائیں گے . انہوں نے یہ بات ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہی . انہوں نے کہاکہ پی ایچ اے کی زیر نگرانی مانکہ کینال کی خوبصورتی کا پراجیکٹ مکمل کیا جائے گا جس کیلئے ٹینڈر جاری ہو چکے ہیں . انہوں نے بتایاکہ ڈیرہ غازیخان میں سالڈ ویسٹ منیجمنٹ ،واسا اور ڈی ڈی ایک کے قیام و بحالی کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں نئے بلدیاتی سیٹ اپ میں ڈیرہ شہر کے بیشتر مسائل حل ہو جائیں گے . میونسپل کارپوریشن کیلئے دس کروڑ روپے کا بیل آوٹ پیکج دے دیاگیاہے . میونسپل کارپوریشن کیلئے پانچ کروڑ روپے کی مشینری کی خریداری کے ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں اور 2013سے واجب الادا ملازمین کی پنشن اور بقایاجات کی ادائیگی کا سلسلہ شروع کر دیاگیا ہے جس کیلئے بیل آؤٹ پیکج میں ساڑھے تین کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں .