ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان). غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان میں بلوچ کلچرل ڈے کے حوالے سے تقریب کا اکیاگیا جس میں رئیس جامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل (تمغہ امتیاز) بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔اس موقع پر بلوچی کتب ، لباس اور روائیتی جوتوں کے سٹال بھی لگائے گئے جس میں شرکاء نے کافی دلچسپی ظاہر کی۔ڈین کلیہ مینجمنٹ پروفیسر کاظم سہیل، صدر شعبہ ہارٹیکلچر شعیب رضا، میڈم سمیرا بانو، ڈاکٹر محمد اسحق آصف کے علاوہ یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ زیادہ تر طلباء و طالبات نے اس دن کی مناسبت سے بلوچی لباس زیب تن کیا ہوا تھا۔ طلباء اور بلوچی فنکاروں نے بلوچ کلچر کی خوبصورتی کو اجاگر کر نے کے لیے ڈھول کی تھاپ پر بلوچی رقص (جھومر) اور تلواروں کا رقص پیش کیا ، بلوچ روایتی ساز اور راگ پر بلوچی زبان میں نغمہ سرائی بھی ہوئی۔صدر شعبہ سوشیالوجی ڈاکٹر محمد علی تارڑ و مقررین نے ڈیرہ غازی خان شہر کے بانی غازی خان میرانی بلوچ کی زندگی اور ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر محمدطفیل کو بلوچی پگڑی پہنائی گئی۔ وائس چانسلر نے اپنے علاقے کی ثقافت سے محبت کے اس خوبصورت اظہار پر طلباء کی کاوشوں کو سراہا . انہوں نے کہا کہ بلوچی ثقافت کی تاریخ بہت پرانی ہے اور بلوچی روایات کو قائم رکھنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ غازی یونیورسٹی میں بلوچی زبان کا شعبہ قائم کرنے کی منظوری دی جا چکی ہے جس سے اس زبان کی ترقی اور ترویج میں بہت مدد ملے گی۔