ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان):ڈپٹی کمشنر ڈیرہ غازیخان طاہر فاروق نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو کوروناوائر س سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے. محکموں کو مزید فعال طریقے سے کام کرنا ہو گا. انہوں نے یہ بات محکمہ صحت کے زیراہتمام کوروناوائرس کے ایس او پیز سے متعلق تربیتی ورکشاپ سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی.
سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر آئی آر ایم این سی ایچ پروگرام ڈاکٹر زوہیب حسن اوردیگر موجود تھے. ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ بہتر نتائج کے حصول کیلئے محکموں اور عوام کو ایس او پیز سے متعلق آگاہی دی جائے اور تربیتی ورکشاپ اسی سلسلے کی کڑی ہے. سماجی فاصلوں، ماسک، گلوز، سینیٹائزرکے استعمال سمیت دیگر اقدامات یقینی بنائے جائیں. انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی بظاہر علامات نظر نہیں آتیں تاہم ہر فرد اپنے آپ کو دوسروں سے بچائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے. سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر خلیل احمد ملک اور دیگر نے ایس او پیز سے متعلق آگاہی دی.