ڈیرہ غازیخان ( صبح پا کستان): ضلع مظفر گڑھ میں کھیت سے شوگر ملز تک 11 رابطہ سڑکوں کی تعمیر،توسیع و بہتری کے منصوبوں کی منظوری دے دی گئی ہے جن پر 43 کروڑ 30 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔منصوبوں کی منظوری کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے شوگر کین سیس پروگرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مظفر گڑھ انجینئر امجد شعیب ترین،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد عدیل،ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ شاہ بہرام،ایس ڈی او ہائی ویز محمد گلفام اور دیگر افسران شریک تھے. ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انعم حفیظ،شوگر ملز اور کاشتکاروں کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے مظفر گڑھ سے اجلاس میں شرکت کی۔کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن ساجد ظفر ڈال نے کہا کہ روڈ کے منصوبوں کے معیار پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔منصوبوں کو مقررہ معیاد کے اندر مکمل کیا جائے۔
اجلاس میں جن روڈز کی منظوری دی گئی ان میں کھر غربی روڈ تا دایا چوکھا روڈ کی تعمیر پر سات کروڑ بیس لاکھ روپے خرچ ہوں گے اسی طرح کھر غربی روڈ تا ڈوگر کلاسرا روڈ کی توسیع و بہتری پر چار کروڑ 26 لاکھ روپے،آرا اکبر شاہ تا شیلر اڈا روڈ کی توسیع و بہتری پر پانچ کروڑ باون لاکھ روپے،سنانواں تا لنگر سرائے روڈ کی مرمت و بحالی پر چار کروڑ 37 لاکھ روپے،ہیڈ بہار شاہ تا سلیم آباد روڈ کی بحالی و بہتری پر 82 لاکھ 97 روپے اور ہیڈ 76 تا ضلع باؤنڈری روڈ کی بحالی و بہتری کے منصوبہ پر 61 لاکھ 37 ہزار روپے خرچ ہوں گے.موضع دایا چوکھا اڈا مبارک والا روڈ کی بحالی پر 66 لاکھ 58 ہزار روپے،ہیڈ 1 آر پکا حسین مائنر تا بستی خان والا روڈ کی تعمیر پر 45 لاکھ گیارہ ہزار روپے،زور چوک تا بیٹ والا براستہ باتیں فتح محمد روڈ کی بحالی و دوبارہ تعمیر کے منصوبہ پر دس کروڑ 24 لاکھ 83 ہزار روپے اورسنانواں ٹاؤن دورویہ روڈ کی توسیع و بہتری پر 9 کروڑ 12 لاکھ 79 ہزار روپے خرچ ہوں گے۔