لیہ( صبح پا کستان )سستے رمضا ن بازار وں کا انعقاد حکومت پنجاب کی اشیاء خورد نوش کے نرخوں کو مستحکم رکھنے اور کم آمدنی والے افراد کے لیے معاشی ریلیف پیکج کے تحت لگائے گئے ہیں جن کی کامیابی کا انحصار ایس اور پی کے مطابق معیاری اشیاء خوردنوش کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل پنجاب پی ڈی ایم اے راجہ خرم شہزاد نے سستے رمضان بازاروں چوبارہ ،چوک اعظم اور لیہ کے اچانک معائنہ کے موقع پر کہی ۔ ڈپٹی کمشنر بابربشیر ،اسسٹنٹ کمشنر چوبارہ سلیمان احمد،اے سی لیہ کاشف نواز ،تحصیل دار محال سعید احمدگھمن ومحسن عباس بخاری،صدر انجن تاجرا ن مظفر اقبال دھول، مارکیٹ کمیٹی کے حکام ،سی او ایم سی چوک اعظم آصف جاوید ہمراہ تھے ۔ راجہ خرم شہزاد نے سستے رمضان بازاروں میں معیاری گوشت ،پھل اور سبزیاں فراہم کرنے کے لیے موثر مانیٹرنگ ،صفائی اور سیکورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے ہدایات دیں ۔ انہوں نے آٹے ،چینی ،فروٹ ،سبزیوں ،گوشت،دالوں ،گھی،کھجور،مشروبات کے سٹالوں کا فرداًفرداً معائنہ کیا اور انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیا ۔ انہوں نے صارفین کو چینی دو کلو سے زائد دینے اور چوک اعظم میں نیا گوشت کا سٹال لگانے کی ہدایت کی ۔ ڈپٹی کمشنر بابربشیر نے ضلع بھر کے چھ سستے رمضان بازاروں کے انتظامات و انصرام ،تازہ اور معیاری اشیاء خورد نوش کی فراہمی ،ڈیوٹی روسٹر،میڈیکل ،طبی کیمپس ،بزرگ شہریوں کے لیے خریداری کے لیے سہولیات ،خواتین کے لیے الگ کیبن وسایہ ،پنکھوں کی موجودگی ایسے امور کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا ۔
گندم خریداری مراکز چوبارہ اور صابر آباد کا اچانک معائنہ
ڈائریکٹر جنرل پنجاب پی ڈی ایم اے راجہ خرم شہزاد نے گندم خریداری مراکز چوبارہ اور صابر آباد کا اچانک معائنہ کیا ۔ باردانہ کی تقسیم،خریدشدہ گندم کو اُتارنے ،کاشتکاروں کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا او ر کاشتکاروں سے گندم خریداری کے بارے میں معلومات حاصل کیں ۔ اس موقع پر ڈی ایف سی غلام عباس نے بتایا کہ ابتک 65ہزار 426بوری گندم خرید کی جاچکی ہے اور 3 لاکھ 69ہزار 761بوری باردانہ کاشتکاروں کو فراہم کیا جاچکا ہے ۔ راجہ خرم شہزاد نے خریداری کے تمام مراحل کو شفا ف بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے قومی جذبہ سے سرشارہوکرخدمات سرانجام دینے کی ضرورت پر زوردیا ۔