اسلام آباد . سابق صدر آصف علی زرداری نے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو باہمی مذاکرات کے مشورے کا خیر مقدم کیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق آصف علی زرداری کاکہنا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے ریمارکس خوش آئند ہیں، اتحادی جماعتیں آپس میں مشورہ کرلیں جس کے بعد مخالفین سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔
اتحادی جماعتوں کو ایک پیکج پر لانے کےلیے بلاول بھٹو زرداری سر گرم ہو گئے ہیں، بلاول بھٹو پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سےان کے آبائی گھر عبدالخلیل میں ملاقات کریں گے اور انہیں تحریک انصاف سے مذاکرات پر آمادہ کریں گے۔
گزشتہ روز حکومتی جماعتوں کے اجلاس کے دوران مولانا فضل الرحمان نے تحریک انصاف سے مذاکرات کی سخت مخالفت کی تھی ۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کی ملک بھر میں ایک ساتھ انتخابات کرانے کی درخواست پرکل تمام سیاسی جماعتوں کو طلب کرلیا،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کے ذریعے موقف دیں, سیاسی جماعتیں اگر ایک موقف پر آجائیں تو عدالت گنجائش نکال سکتی ہے،اگر سیاسی جماعتیں انتخابات کی تاریخ بدلنا چاہتی ہیں تو عدالت ان کے ساتھ ہے ۔