چوک اعظم (صبح پا کستان)میونسپل کمیٹی چوک اعظم کے عملہ نے ریکوری ہفتہ کاآغاز کردیا، دوکانوں کا کرایہ نہ دینے ، نقشہ فیس کی عدم ادائیگی کی مد میں سات دوکانیں سیل، فیسوں کی مد میں لاکھوں وصول کرنے سمیت منظوری نقشہ جات کے بغیر بننے والی دوکانوں اور گھروں کو نوٹسز جاری، چیف آفیسر کا مالکان کوفوری فیسیں سرکاری خزانے میں جمع کرانے کی ہدایت۔میونسپل کمیٹی چوک اعظم کے چیف آفیسر آصف بھڈوال، فنانس آفیسر غلام رسول ، وصولی کلرک میا ں حمید ودیگر عملہ نے گزشتہ روز سے کمیٹی کے حوالے سے ریونیو ریکوری کے ہفتہ کا آغاز کرد یا۔ گزشتہ روز عملہ نے گول مارکیٹ میں چار دوکانوں کے دوکانداروں کی جانب سے لاکھوں روپے کرایہ جمع نہ کرانے پر دوکانیں سیل کر دی گئیں جبکہ نقشہ کی منظوری کے بغیر بننے والی تین دوکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا۔ میونسپل کمیٹی کے عملہ نے گزشتہ روز مختلف دوکانوں سے فیسوں کی مد میں لاکھوں روپے وصول بھی کئے جبکہ کمیٹی کی حدود میں بغیر نقشہ بننے والے گھروں اور دوکانوں کو تین دن کے اندر نقشے جمع کرانے کی ڈیڈ لائن بھی دے دی۔ چیف آفیسر ایم سی چوک اعظم آصف بھڈوال نے کہا کہ میونسپل کمیٹی چوک اعظم کا نظام مربوط انداز سے چلایا جارہا ہے اور کسی کو بھی خلاف قانون کام کی اجازت نہیں دی جا سکتی ہے۔ انہوں نے دوکانوں اور گھروں کے مالکان سے کمیٹی کے عملہ سے تعاون کی بھی ہدایت کی۔