چوک اعظم( صابر عطاء سے ) ضلع کونسل کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے درمیان 14ماہ بعد صلح ،سابقہ ٹینڈر و سکیمیں منسوخ ،28کروڑ کی نئی ترقیاتی سکیمیں متفقہ طو پر منظور ۔حکومتی ممبران کو 35اپوزیشن ممبران کو 12لاکھ کی گرانٹ فراہم ،صاحبزادہ نورالحسن مستعفی ۔تفصیل کیمطابق ضلع کونسل لیہ کے چیئرمین مک عمرعلی اولکھ اور وائس چیئرمین مہر نور محبوب میلوانہ کے درمیان ایک سال قبل ہونے والے اختلافات ختم ہونے کے بعد ضلع کونسل لیہ کا 14ماہ بعد اجلاس طلب کیا گیا جس میں 28کرو ڑ 10لاکھ روپے کی ترقیاتی سکیمیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں ۔جبکہ سابقہ منظو ر کی جانے والی متنازعہ سکیمیں اور ٹینڈر منسوخ کر دیے گئے ہیں ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ حکومتی رکن ضلع کونسل مرد کو 35لاکھ جبکہ حکومتی خواتین ارکان کو 15لاکھ جبکہ اپوزیشن مرد ممبران کو 12لاکھ روپے اور اپوزیشن رکن خاتون کو 8لاکھ روپے کی ترقیاتی سکیمیں دی گئیں جنہیں اجلاس میں متفقہ طو پر منظو ر کر لیا گیا۔
اجلاس میں ن لیگ کے ممبر ضلع کونسل صاحبزادہ محبوب الحسن کے نشست سے دیے گئے استعفیٰ کو بھی منظور کر لیا گیا ۔اجلاس میں وفات پانے والے ممبر ضلع کونسل ملک مشتاق سامٹیہ کے دعائے مغفرت بھی کی گئی اس کے ساتھ ساتھ اجلاس میں نیلامی ٹھیکہ جات جن میں پتن کھوکھر والا ،پتن چانڈیہ ،سہووالااور مستاجری رقبہ ڈیٹ فارم پنوار والااور چک نمبر 150اے ڈی اے کی منظوری بھی دی گئی ۔واضح رہے کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین ضلع کونسل کے درمیان ترقیاتی سکیموں کی تقسیم پر ہونے والے جھگڑے کی وجہ سے ایک سال سے زائد عرصہ تک ضلع بھر میں ایک روپیہ کا بھی ترقیاتی کام نہیں ہو سکا ۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ضلع کونسل کے ارکان کی اکثریت نے سولنگ ،پلیوں اور نالیوں کی سکیمیں لکھ کر دیں ۔تعلیم ،صحت ،کے شعبہ جات سمیت دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے ایک سکیم بھی کوئی رکن نہ دے سکا ۔تفصیل کے مطابق ضلع کونسل لیہ کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کے بعد ممبران کی طرف سے دی جانے والی سکیموں کے حوالے سے ایک سروے کیا گیا جس میں دیکھا گیا کہ کہ ارکان سے اس گرانٹ کو کن کاموں کے لیے مختص کیا ہے ۔اس سروے میں ایک ممبر بھی ایسا نہیں ملا جس نے تعلیم ،صحت ،صاف پانی ،اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کوئی سکیم دی ہو سب کے سب نے سولنگ ،نالیوں اور پُلیوں کی تعمیر ات کی سکیمیں جمع کروائیں ۔