چمن (صبح پا کستان) گورنمنٹ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع قلعہ عبداللہ چمن کے سابق ضلعی سنئیر نائب صدر حافظ محمدصدیق مدنی ، نذیر احمد اچکزئی ، مولوی محمد عباس اور شمشاد ویلفئیر فاونڈیشن کے جنرل سیکرٹری غلام محمد مخلص نے گورنمنٹ پرائمری سکول کلی حاجی صلاح الدین چمن میں نئے تعلیمی سال کے آغاز میں داخلہ مہم کے سلسلے میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہر انسان چاہے وہ امیر ہو یا غریب ، مرد ہو یا عورت کی بنیادی ضرورت میں سے ایک ہیں یہ انسان کا حق ہے جو کوئی اسے نہیں چھین سکتا۔ اگر دیکھا جائے تو انسان اور حیوان میں فرق تعلیم ہی کی بدولت ہیں ۔ تعلیم کسی بھی قوم یا معاشرے کیلئے ترقی کی ضامن ہے یہی تعلیم قوموں کی ترقی اور زوال کی وجہ بنتی ہے ۔ حافظ محمدصدیق مدنی نے مزید کہا کہ تعلیم حاصل کرنے کا مقصد یہ نہیں کہ سکولز، کالجز اور یونیورسٹیوں سے ڈگری لیں بلکہ تعلیم ہی سے انسان معاشرے کے اقدار کے علاوہ تمیز و تہذیب سیکھ کر معاشرے کے معمار بن جاتے ہیں اور انسان اپنی معاشرتی روایات اور اقدار کا خیال رکھ سکیں گے۔ تعلیم وہ زیور ہیں جو انسان کا کردار سنوارتی ہے۔ دنیا میں ہر چیز بانٹنے سے گھٹتی ہے مگر تعلیم ایک ایسی دولت ہے جو بانٹنے سے گھٹنے کی بجائے بڑھ جاتی ہے۔ حافظ محمدصدیق مدنی نے مزید کہا کہ انسان کو اللہ پاک نے علم کی بدولت اشرف المخلوقات بنایا ہے ۔ اسلام نے تعلیم کو ہر انسان کیلئے ضروری اور لازمی قراردی ہے۔ جدید زمانے کے جتنے بھی علوم ہیں زیادہ تر علوم کے بانی مسلمان ہی ہیں ۔ اسلامی تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں نے تعلیم وتربیت معراج پاکر دین و دنیا میں سربلندی اور ترقی حاصل کی ۔ لیکن جب مسلمان تعلیم میدان سے دور رہے تو غلام بنالئے گئے ہیں ۔
حافظ محمدصدیق مدنی نے مزید کہا کہ اگر کوئی بھی قوم ترقی کرنا چاہتا ہے وہ اپنے تعلیمی اداروں کو فعال اور مضبوط کرکے علم کی روشنیاں معاشرے میں پھیلائیں جس سے ترقی کی راہ پر گامزن ہونا ممکن ہے اور وہ دن دور نہیں کہ ہم دنیا کے ان ملکوں میں شمار ہوجائے گا جو جدید علوم سے آگاہی رکھتے ہیں ۔