لاہور۔ پنجاب کابینہ کے2وزراء کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور صوبائی وزیر زراعت حسین جہانیاں گردیزی کاکورونا ٹیسٹ مثبت آگیا،وزیر صنعت میاں اسلم اقبال نے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو گھر پرقرنطینہ کرلیا ہے۔ترجمان کاکہنا ہے کہ وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی آج دن میں دفتری امور روٹین کے مطابق نبھاتے رہےتاہم شام کو طبیعت کی ناسازی پر کورونا ٹیسٹ کروایا گیا جو مثبت آگیاہے۔ صوبائی وزراء میاں اسلم اقبال اور سید حسنین جہانیاں گردیزی کے علاوہ چیئرمین پی اینڈ ڈی بابر یعقوب شیخ اور صوبائی سیکرٹری خوراک اسد کو بھی کرونا ہو گیا ہے جس کے بعد ان اہم شخصیات نے خود کو اپنے گھروں میں قرنطینہ کر لیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایک بار پھر شہر لاہور سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہونے لگا ہے ،صرف لاہور کے اندر کورونا کے 24 گھنٹوں میں 96 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 50 ہزار 780 ہو گئی ہے۔دوسری طرف ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق ملتان 13، راولپنڈی 11، گجرات 7، فیصل آباد 4، چنیوٹ، گوجرانوالہ، سرگودھا اور بہاولپور میں تین تین، شیخوپورہ، حافظ آباد، وہاڑی اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں دو، دو جبکہ نارووال، جھنگ، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، لیہ اور اوکاڑہ میں ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔