لاہور ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی سید ذوالفقار بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کو عوام دوست اور پیشہ ورانہ طور پر مضبوط سے مضبوط فورس بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اورا س سلسلے میں صوبائی اور وفاقی سطح پر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، پنجاب پولیس کے نئے پراجیکٹس جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سید ذوالفقار بخاری نے سنٹرل پولیس آفس لاہورکا دورہ کیا اورپبلک سروس ڈلیوری کے حوالے سے پنجاب پولیس کے نئے پراجیکٹس کا جائزہ لینے کے بعد انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ قرار دیا۔ آئی جی پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے معاون خصوصی وزیر اعظم کو پنجاب پولیس کے آپریشنل طریقہ کار اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے موثر استعمال سے شروع کئے گئے پراجیکٹس کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق شہریوں کو درپیش مسائل کا فی الفور ازالہ پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں پبلک سروس ڈلیوری کے حوالے سے جامع حکمت عملی کے تحت خصوصی پراجیکٹس شروع کئے گئے ہیں جن میں پولیس خدمت مراکز، آئی جی پی کپملینٹ مینجمنٹ سسٹم اور شہروں میں لا ء اینڈ آرڈر اورٹریفک مینجمنٹ کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے سیف سٹی کے منصوبے شامل ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ذوالفقار بخاری کو بتایا کہ پنجاب پولیس نے جدید پولیسنگ کے حوالے سے جہاں ڈولفن، پی آر یو،سی ٹی ڈی، سپیشل پروٹیکشن یونٹ، اینٹی رائٹس یونٹس، سپیشل آپریشن یونٹ سمیت دیگر فورسز تشکیل دی گئی ہیں وہیں عوام کومختلف سروسز ڈلیوری کی باآسانی فراہمی کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کو موثر طور پر استعمال کررہی ہے تاکہ سمارٹ اینڈ کمیونٹی پولیسنگ کے اصولوں کے مطابق پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد سازی کی فضا کو بہتر سے بہتر کیا جا سکے۔
ذوالفقاربخاری نے سنٹرل پولیس آفس میں قائم 8787آئی جی پی کمپلینٹس مینجمنٹ سسٹم کا دورہ کیا جہاں اے آئی جی کمپلینٹس زاہد نواز نے انہیں سسٹم اور سٹاف کی کارکردگی کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس سے متعلق شہریوں کی شکایات کے ازالے کیلئے بنایا گیا ، یہ سسٹم اب تک ہزاروں افراد کو ریلیف فراہم کرچکا ہے،صوبے کے تمام اضلاع سے آنیو الی شکایتوں کے علاوہ وزیر اعظم پاکستان پورٹل سے موصول ہونے والی شکایات بھی اسی سسٹم کے تحت ترجیحی بنیادوں پر حل کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر ذوالفقار بخاری نے ایک شہری کی جانب سے موصول ہونیو الی کال اور اس پر ہونیو الے اقدامات کا جائزہ بھی لیا۔ مانیٹرنگ روم کے دورے کے دوران ڈی آئی جی آئی ٹی ذوالفقار حمید نے معاون خصوصی کو بین الصوبائی بارڈرز کے سرویلنس سسٹم، کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم، ہیومن ریسورس مینجمنٹ سسٹم، فرنٹ ڈیسک، حوالات اور ایس ایچ اوز کے کمروں کے مانیٹرنگ سسٹم کے متعلق بریفنگ دی۔ ڈی آئی جی آئی ٹی نے انہیں بتایا کہ جدیدپولیس فورسز کی طرز پرڈیجیٹل میپنگ کے ذریعے زیادہ وارداتوں والے ایریاز یعنی کرائم ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کی جاتی ہے جس کے بعد وہاں پٹرولنگ فورسز کے موثر گشت کو یقینی بنا کر جرائم پیشہ عناصر کو پابند سلاسل کرنے کیلئے فور ی اقدامات کئے جاتے ہیں۔ ڈی آئی جی آئی ٹی نے معاون خصوصی کوانٹی گریٹڈ ہوٹل آئی سسٹم اور اینٹی وہیکل کار لفٹنگ سسٹم کے متعلق بھی تفصیلا آگاہ کیا۔دورے کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے معاون خصوصی وزیر اعظم، ذوالفقار بخاری کو پنجاب پولیس کی جانب سے یادگاری سووینیئر بھی پیش کیا