لاہور. پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت عامہ کے تحفظ کے لیے ایک اور نئے منصوبے کا آغاز کیا ہے جس کے تحت پنجاب کے تمام اضلاع میں شہریوں کو خوراک کے بارے میں آگاہی اور بیماریوں سے بچانے کے لیے غذائی کلینک کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کلینک کھولنے کا مقصد شہریوں کو ذیابیطس اور دیگر بیماریوں کے حوالے سے ہدایات اور مسائل کو حل کرنا ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی (پی ایف اے) نے جمعہ کے روز ایک ورکشاپ کا انعقاد کیا جس میں شعبہ تعلقات عامہ اور غذائی ماہرین کو ضروری ہدایا ت دی گئیں۔اس حوالے سے تفصیلاً آگاہ کرتے ہوئے ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن (ر) محمد عثمان نے بتایا کہ غذائی راہ نمائی اور عوامی آگاہی کے لیے 36 اضلاع میں نیوٹریشن کلینکس کا قیام حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ تمام اضلاع میں کلینکس کو 31 مارچ تک فعال کر دیا جائے گا۔ غذائی راہ نمائی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شروع کیا گیا یہ منصوبہ پاکستان تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نیوٹریشن کلینکس غذائی بیماریوں کا علاج، متوازن غذا کے انتخاب میں مشاورت فراہم کریں گے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام منعقد کی گئی ورکشاپ میں 36اضلاع میں کلینکس کے لیے منتخب ہونے والے ماہرین غذائیت کو ٹریننگ دی گئی جن میں 50 نیوٹریشن ایکسپرٹ جبکہ 24 پبلک ریلیشن آفیسرز شامل تھے۔ٹریننگ میں نیوٹریشنسٹ کو جدید تقاضوں اور جغرافیائی مسائل کے مطابق عوام کی راہنمائی کے اصول بتائے گئے۔ پی اینڈ ڈی ایس اور دیگر اداروں کی ماہر غذائیات نے ٹریننگ سیشن میں لیکچرز دیے۔ پی اینڈ ڈی ایس کی سربراہ ڈاکڑ غزالہ پرویز نے کہا کہ محفوظ خوراک کی فراہمی کے ساتھ عوامی آگاہی کے لیے نیوٹریشن کلینکس کا آغاز قابل تحسین ہے۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کیپٹن(ر) عثمان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ بھر میں کلینکس 31 مارچ تک فعال کر دیے جائیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کے صحت مند پنجاب مشن کی تکمیل کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھا رہے ہیں۔شعبہ تعلقات عامہ سے تعلق رکھنے والے آفیسر کو ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی (پبلک ریلیشن) حافظ قیصر عباس نے ٹریننگ دی اور غذا کے حوالے سے شروع کیے گئے منصوبے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا عوام میں آگاہی مہم کے لیے پبلک ریلیشن آفیسر مرکزی کردار اداکریں گے ۔ اس مقصد کے لیے پنجاب فوڈز اتھارٹی نے اپنا ریڈیو اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا جوکہ اب آخری مراحل میں ہے۔