لاہور: پنجاب میں نیا تعلیمی سال یکم مارچ سے شروع کرنے جب کہ پہلی سے ساتویں کلاس تک فیل پاس کا نظام ختم کردیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پنجاب بھر میں نیا تعلیمی سال یکم مارچ 2020 سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پہلی سے ساتویں کلاس تک فیل پاس کا نظام بھی ختم کر دیا گیا ہے۔
فیصلے کے تحت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز نے سرکاری سکولوں کے سالانہ امتحانات اور نتائج کے اعلان کا شیڈول بھی تبدیل کر دیا ہے، نئے شیڈول کے مطابق پہلی کلاس سے ساتویں کلاس تک سالانہ امتحانات 17 فروری سے شروع ہوں گے جو 28 فروری تک جاری رییں گے، جب کہ نتائج کا اعلان 29 فروری کو کیا جائے گا۔
نئی کلاسیں یکم مارچ سے شروع کردی جائیں گی، تعلیمی سال ایک ماہ قبل یکم اپریل کی بجائے یکم مارچ سے شروع کرنے سے طلبہ طالبات کو تدریس کے لئے 30 دن کا اضافہ ہوجائے گا، جب کہ ہشتم بورڈ کے امتحان ختم کرنے سے مزید 20 دن کی اضافی تدریس ہوسکے گی۔
دوسری جانب اساتذہ تنظیموں کا کہنا ہے کہ اچانک تعلیمی سال تبدیل کرنے سے مسائل پیدا ہوں گے، یہ فیصلہ 6 ماہ قبل کیا جانا چاہیے تھا، فیصلہ جنوبی پنجاب کے اضلاع میں لاگو کیا گیا ہے، شمالی پنجاب کے اضلاع کے لئے ابھی کوئی واضح پالیسی نہیں آئی، جمعرات کو تمام صورتحال واضح ہوگی۔