لا ہور ۔ اراکین پنجاب اسمبلی کی تنخواہ بچ جانے کا امکان پیدا ہو گیا۔ وزیر اعلیٰ کی مراعات کے کلاز ختم کر دیے جائیں گے، غلطی کی اصلاح کے بعد ترمیم شدہ بل پر گورنر سے منظوری حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اسمبلی کے رولز 1997 کے قاعدہ 200 کے تحت سپیکر نے تنخواہوں میں بل کی غلطی کی اصلاح کر دی ۔ پاس ہونے والے بل سے وزیر اعلیٰ کی مراعات سے متعلق کلاز نکال دیا گیا۔ مراعات والے کلاز کی جگہ نیا کلاز شامل کر دیا گیا، نئے کلاز کے مطابق 2002 کے بعد چھ ماہ یا اس سے زائد وزیر اعلیٰ رہنے والے کو تمام عمر مناسب سیکورٹی فراہم کی جائے گی، گھر، گاڑی اسٹاف اور دوسری مراعات کی شق بل سے نکال دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اسپیکر کی تنخواہ بھی کم کر کے ایک لاکھ پچاس ہزار کر دی گئی ہے۔ اسپیکر کی تنخواہ میں ترمیم شدہ بل میں پچیس ہزار کی کی گئی ہے۔ حکومت نے موقف اختیار کیا کہ ٹائپ کی غلطی سے متنازعہ کلاز بل میں شامل ہو گئی، وزیر اعلیٰ کی مراعات والی شق پر وزیر اعظم اور پارٹی ردعمل کے بعد حکومت نے وہ کلاز بل سے نکال دی، اس اقدام کے لئے اسپیکر کا اختیار رولز 200 بروئے کار لا یا گیا، سپیکر اس اختیار کے تحت پاس بل کی غلطی کو گورنر کی منظوری سے پہلے درست کرسکتا ہے۔