لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) پروفیسر حسن عسکری نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب سے عہدے کاحلف لیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ کی تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس لاہور میں ہوئی جس میںگورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے نگران وزیراعلیٰ حسن عسکری سے عہدے کا حلف لیا۔تقریب میں سیاسی و عسکری شخصیات سمیت آئی جی پنجاب عارف نواز، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی موجود تھے۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اتفاق نہ ہونے کے بعد نگران وزیراعلیٰ کا معاملہ الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیاجس نے متفقہ طور پر حسن عسکری کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کیا۔ حکومت کی طرف سے جسٹس ریٹائرڈ سائرعلی اور ذکا اللہ جبکہ اپوزیشن کی جانب سے حسن عسکری اور ایاز امیر کے نام الیکشن کمیشن کو بھجوائے گئے تھے۔تاہم مسلم لیگ (ن) نے حسن عسکری کی تقرری کو مسترد کردیا تھا ۔