پشاور:( مانیٹرنگ ڈیسک) چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کی فضائی افواج کے مابین بڑھتا ہوا عسکری تعاون ہمارے دوستانہ تعلقات کا ایک اہم جز ہے۔
پی اے ایف اکیڈمی رسالپور میں 139 ویں جنرل ڈیوٹی پائلٹ،85 ویں انجینئرنگ ،95 ویں ایئر ڈیفنس، 20 ویں ایڈمنسٹریشن اینڈ سپیشل ڈیوٹیز اور چوتھے لاجسٹکس کورسزکی گریجویشن تقریب ہوئی۔ تقریب میں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجا ہد انور خان سمیت غیر ملکی سفرا، اعلیٰ فوجی اور سول حکام، غیر ملکی عہدیداران اور گریجویٹ ہو نے والے ایوی ایشن کیڈٹس کے والدین اور مہمانوں نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمان خصوصی چین کی پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ تھے۔ تقریب کے دوران مہمان خصوصی نے لیفٹیننٹ جنرل ڈنگ لیانگ نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہو ئے کہا کہ آپ ملکی خود مختاری اور سرحدوں کی حفاظت کا مقدس فریضہ سر انجام دیں گے، مجھے امید ہے کہ آپ پیپلز لبریشن آرمی ایئرفورس کے نوجوان افسران کے ساتھ مل کر دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
جنرل ڈنگ لیانگ نے کہا کہ پاک چین سفارتی تعلقات کے آغاز سے ہی ہم نے بہترین دوستی اور تعاون کی بنیاد رکھی، ہمارے دیرپا دوستانہ تعلقات کی بنیاد باہمی رواداری اور خلوص پر مبنی ہے جس میں دونوں ممالک نے ہر قسم کے اہم معاملات میں ایک دوسرے کی بھرپور معاونت کر کے باہمی دوستانہ روابط کی ایک شاندار مثال قائم کی ہے۔