راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیتی رہے گی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کشمیر کی صورتحال پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر سے متعلق غیر آئینی اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں حکومت کی جانب سے بھارتی اقدام مسترد کرنے کے فیصلے کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے کبھی بھی جموں و کشمیر پر بھارتی تسلط کو قانونی بنانے والے آرٹیکل 370 یا 35 A کو تسلیم نہیں کیا تاہم اب بھارت نے خود ہی اس کھوکھلے بہانے کو ختم کر دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کا ساتھ دیتی رہے گی، ہم ہر طرح کے حالات کے لیے پوری طرح تیار ہیں اور پاک فوج اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کی نیم خود مختار حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 اور 35 اے ختم کرتے ہوئے ریاست کو 2 حصوں میں تقسیم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
بشکریہ ۔ ایکسپریس نیوز