کوئٹہ ۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سدرن کمانڈ کوئٹہ اور سکول آف انفنٹری اینڈ ٹیکٹکس کا دورہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے روشن مستقبل کیلئے بھرپور تعاون کریں گے، پاک فوج نے داخلی خطرات ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ، عوام کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو سدرن کمانڈ کوئٹہ کے دورے کے دوران آپریشن ردالفساد اور صوبے کی سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو نیشنل ایکشن پلان پر عملدر آمد سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف کو خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت سماجی و معاشی منصوبوں پر بھی بریف کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم بلوچستان کے روشن مستقبل کیلئے بھرپور تعاون کریں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سکول آف انفنٹری اینڈٹیکٹکس کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے داخلی خطرات ختم کرنے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ سرحدوں پر بھی موثر انداز میں کام کر رہی ہے۔ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف قوم نے بھرپور تعاون کیا، قوم افواج پاکستان کی دہشتگردی کے خلاف کوششوں کی معترف ہے، عوام کی توقعات پر ہمیشہ پورا اتریں گے کیونکہ پاکستان کے عوام مسلح افواج کی اصل طاقت ہیں۔