راولپنڈی: پاک فوج نے پاکستان کی حدود میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی ڈرون کی تصاویر بھی شیئر کی گئی جب کہ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ بھارتی ڈرون لائن آف کنٹرول پر رکھ چکری سیکٹر میں 150 میٹر پاکستان کی حدود میں داخل ہوگیا تھا جسے پاک فوج نے مارگرایا۔
واضح رہے بھارت کی جانب سے 26 فروری کو بھی پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی گئی تھی اور بھارتی طیارے بالاکوٹ کے مقام پر پے لوڈ گراکر بھاگ گئے تھے تاہم اگلے روز پاک فضائیہ نے بھارتی طیاروں کی پاکستان کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے بھارت کے 2 طیارے مار گرائے تھے جن میں ایک مقبوضہ اور دوسرا آزاد کشمیر میں گرا تھا یہی نہیں پاک فوج نے بھارتی طیارے میں موجود پائلٹ کو بھی گرفتار کرلیا تھا تاہم وزیراعظم عمران خان نے جلد ہی جذبہ خیرسگالی کے طور پر بھارتی جاسوس ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کردیا تھا۔