اسلام آباد: پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیارہے۔
پاک فضائیہ آج یوم فتح منا رہی ہے، ائیرہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں27 فروری کے حوالے سے پروقار تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل مجاہد انور خان اور پاک فضائیہ کے افسران سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی جب کہ اس موقع پر پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایئرچیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا کہ پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، پاک فوج کی بہترین کارکردگی عشروں کی محنت کی مرہون منت ہے، معاشی مسائل کے باعث ٹیکنالوجی کےحصول میں مشکلات ہیں تاہم پاک فوج کے شاہین حب الوطنی کے جذبے سے سرشار ہیں، پاک فضائیہ وطن کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیارہے، دشمن کی کسی بھی جارحیت کامنہ توڑ جواب دیا جائے گا جب کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر طرح کی معاونت جاری رکھے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 27 فروری کو پاک فضائیہ نے پاکستانی حدود میں گھسنے والے 2 بھارتی طیاروں ایس یو 30 اور مگ 21 کو مارگرایا تھا جب کہ ایک بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو بھی گرفتار کرلیا تھا تاہم بعد میں انسانی ہمدردی کے تحت پائلٹ کو چھوڑدیا گیا تھا۔