لاہور: کبڈی ورلڈ کپ 2020ء کے فائنل میں پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ورلڈ چیمپئن بن گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اتوار کو کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان معرکہ آرائی ہوئی۔ دونوں جانب سے سخت زور آزمائی کی گئی تاہم پاکستانی پہلوانوں کا پلہ بھاری رہا اور انہوں نے بھارتی پہلوانوں کو چاروں شانے چت کردیا۔
کھیل ختم ہونے سے ایک منٹ قبل تک پاکستان نے مزید پوائنٹس حاصل کیے جس پر پاکستان کا اسکور 43 اور بھارت کا 39 ہوگیا۔ پاکستان کو پوائنٹس ملنے پر بھارتی پہلوان رونے لگے اور محض ایک منٹ رہ جانے پر بھارتی آفیشلز میدان میں آگئے اور اپنے کھلاڑیوں کو میدان چھوڑنے کا کہہ دیا۔
بھارتی ٹیم نے ایک پوائنٹ پر اعتراض کیا اور کھیل کو گندا کرنے کی روایت برقرار رکھتے ہوئے ورلڈ کپ 2014ء اور ایشیا کپ 2016ء کی تاریخ دہرادی تاہم بھارتی اعتراضات کام نہ آسکے۔ کھیل ختم ہونے تک پاکستان کا اسکور 43 اور بھارت کا اسکور 41 رہا۔