واشنگٹن۔ عراق میں امریکی فوجی اڈے پر حملوں میں امریکی فوجیوں کے زخمی نہ ہونے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔امریکی سینٹرل کمانڈکی جانب سے جاری کردہ بیان میں تسلیم کیاگیاہے کہ حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے اور ابھی تک وہ زیر علاج ہیں۔
بیان کے مطابق ایرانی حملے میں 11امریکی فوجی زخمی ہوئے جن میں سے آٹھ کاعلاج جرمنی میں جبکہ تین کا عرفجان کیمپ میں کیاجارہاہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکوں میں زخمی ہونے والے تمام فوجیوں کی ٹرامیٹک برین انجری کا معائنہ کرنے کیلئے سکریننگ کی جا رہی ہے۔اور ضرورت پڑنے پر انہیں مزید اعلیٰ سطح کے علاج کیلئے دوسری جگہ منتقل کیاجاسکتا ہے۔بیان کے مطابق حملے کے روز فوری طور پرتین زخمیوں کوکویت کے عرفجان کیمپ جبکہ آٹھ کوجرمنی کے لینڈزتھل ریجنل میڈیکل سنٹر بھجوایاگیاتھا۔
واضح رہے کہ ایرانی فوج نے 8جنوری کو اپنے جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کیلئے امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں کی بوچھاڑ کردی تھی۔ ایرانی فوج نے حملے میں اسی امریکی فوجیوں کے مرنے کا دعویٰ کیاتھا تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ واقعے میں عمارت کو نقصان پہنچا تھا تاہم کوئی بھی امریکی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کے تازہ ترین بیان نے ڈونلڈ ٹرمپ کے جھوٹ کو بے نقاب کردیاہے جس کے بعد امریکی صدر ایک بار پھر میڈیا کی تنقید کے نشتر سہہ رہے ہیں۔