اسلام آباد: وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر وزیر خزانہ اسد عمر نے وزارت چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ میں قلمدانوں کے ردو بدل کے دوران وزیراعظم عمران خان مجھے خزانہ کے بجائے توانائی کا قلمدان دینا چاہتے تھے تاہم وزارتوں کی تبدیلی میں کوئی بھی محکمہ لینے سے انکار کر دیا ہے۔
اسدعمر نے ٹوئٹ میں کہا کہ پورا یقین ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ہی پاکستان کے لیے واحد امید ہے، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی۔
واضح رہے کہ ملک کی معاشی حالت کے پیش نظر حکومت بالخصوص اسد عمر پر تنقید کی جارہی تھی، اس کے علاوہ اسد عمر کو کابینہ میں بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا، صورت حال اس حد تک جاپہنچی تھی کہ چند روز قبل کابینہ میں رد و بدل کی بھی خبریں منظر عام پر آئی تھیں تاہم وزیر اطلاعات نے اس کی تردید کردی تھی۔