لاہور (ما نیٹرننگ ڈیسک ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری لاہور کا سارا عملہ فارغ کرکے نئے لوگ تعینات کردیے جبکہ لیبارٹری کیلئے توسیعی منصوبے کی بھی منظوری دے دی۔
ڈیلی پاکستان آن لائن کے مطابق دل کے مریضوں کو جعلی سٹنٹ لگائے جانے کے معاملے پر ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری مکمل طور پر ناکام رہی جبکہ دیگر ادویات کی جانچ کرنے میں بھی عملے نے کاہلی کا مظاہرہ کیا جس کی وجہ سے ہزاروں لوگوں کی زندگیاں داﺅ پر لگ گئیں ۔ عملے کی غفلت سامنے آنے پر وزیر اعلیٰ نے نوٹس لیا اور لیبارٹری کے ڈائریکٹر ڈاکٹر معین سمیت پورے عملے کوفارغ کرکے نیا عملہ تعینات کردیا۔ پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمان ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے نئے ڈائریکٹرہوں گے جبکہ دیگر عملہ بھی پنجاب فرانزک ایجنسی سے تربیت یافتہ ہے، نئے عملے کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھی بھجوایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری کا پرانا عملہ معیاری ادویات کی فراہمی میں رکاوٹ بنا جس کے باعث انہیں فارغ کرکے نیا عملہ تعینات کردیا ہے۔ نیا عملہ تعینات کرکے نئی بنیاد رکھ دی اور ماضی کا گلا سڑا اور کرپشن زدہ نظام دفن کردیا۔