اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کابینہ کو مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا جب کہ انہوں نے کابینہ کو بے گناہ کشمیریوں کے لئے بین الاقوامی برادری کی حمایت کے حصول کے لئے پاکستان کی کاوشوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
اجلاس میں شہداکے لئے فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی اور کشمیری عوام کی حمایت اور بھارتی مظالم کے خلاف 6 اپریل کو یوم یکجہتی کشمیر منانے کا اعلان کیا، وفاقی کابینہ نے ایک قرارداد کی بھی منظوری دی جس میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کے ارکان 4 اپریل کو ہونے والے آزاد جموں و لشمیر قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔
اجلاس میں مقبوضہ کشمیر لی بگڑتی ہوئی صورتحال اجاگر کرنے کیلئے مخصوص ممالک کے دارالحکومتوں میں صدر آزاد جموں و کشمیر سمیت وزیراعظم کے خصوصی ایلچی بھجوانے کا بھی فیصلہ کیا گیا جب کہ کابینہ نے بھارتی قابض افواج کی طرف سے طاقت کے بہیمانہ اور بے دریغ استعمال کی بھی سخت مذمت کی۔