جدہ . وزیر اعظم عمران خان آج سعودی فرماں روا شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے۔ واضح رہے کہ عمران خان دورہ سعودی عرب کے سلسلے میں پہلے مدینہ منورہ پہنچے اور مدینہ منورہ کی سرزمین پر جوتے اتار کر قدم رکھے۔
مدینہ پہنچنے پر گورنر مدینہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا، وزیر اعظم نے وفد کے ہمراہ روضئہ رسول پرحاضری دی، نوافل اورنمازمغرب ادا کرکے جدہ روانہ ہوگئے۔اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ وزیر اعظم بیرون ملک سفر کیلئے نجی طیارہ استعمال نہیں کریں گے جبکہ گزشتہ دنوں وزیر اعظم کراچی بھی اپنے خصوصی طیارے میں ہی آئے تھے۔
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کا مدینہ منورہ کی پاک سرزمین میں تاریخی استقبال کیا گیا، عمران خان نے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول کی زیارت کی اور ان کی آمد پر روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے دروازے خصوصی طور پر کھولے گئے۔