لاہور ۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے قومی احتساب بیورو ( نیب) کے سامنے پیش ہونے کا اعلان کردیا۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمیشہ قانون کی پاسداری کی۔ لوگوں کو چاہیئے کہ کردار کشی کے بجائے خرابیوں کی نشاندہی کریں۔
لاہور میں شجر کاری مہم کے آغاز پر میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ جب ہمارا دامن صاف ہے تو ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ تمام امور کو قوانین کے مطابق چلا رہے ہیں۔ پروپیگنڈا کرنے والوں کو جواب بھی دے رہے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت پر شروع دن سے تنقید کی جا رہی ہیں۔
انتظامی امور سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مسائل جہاں ہوں، وہاں ایکشن لینا میرا فرض ہے، تمام چیزیں قوانین وضوابط کے تحت کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے نیب کے سامنے پیش ہونے کا بھی اعلان کیا۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ نیب، یا کسی بھی تحقیقاتی ایجنسی یا عدالت نے بلایا تو پیش ہونگا، پہلے بھی نیب ، ایف آئی اے اور عدالت میں بھی پیش ہوا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ تنقید کرنے والوں کو کام پر تنقید کرنی چاہیئے، میں مانتا ہوں کہ پنجاب بہت بڑا صوبہ ہے، یہ نہیں کہہ سکتا کہ سب اچھا ہے، روزانہ ہزاروں فائلیں ہوتی ہیں، ہر فائل میرے پاس نہیں آتی۔ پی ٹی آئی حکومت پر شروع دن سے تنقید کی جا رہی ہیں۔