لاہور ۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارنے میٹروبس سروس کے کرایوں میں اضافے کی تجویزمستردکردی جبکہ کنٹریکٹ ملازمین کے دوران ملازمت انتقال پراہلخانہ کومالی امدادکی منظوری دیدی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس کااجلاس ہواجس میں کنٹریکٹ ملازمین کے دوران ملازمت انتقال پراہلخانہ کومالی امدادکی منظوری دی گئی،سکیل ایک سے 4 کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہلخانہ کو 16 لاکھ ملیں گے جبکہ سکیل 5 سے 10 کے ملازمین کے اہلخانہ کو 19 لاکھ امدادکی منظوری دی گئی،اس کے علاوہ 11 سے 15 سکیل کے کنٹریکٹ ملازمین کے اہلخانہ کو 22 لاکھ ملیں گے ،سکیل 16 اور 17 کے ملازمین کے اہلخانہ کو 25 لاکھ امدادکی منظوری دی گئی ،18 اور 19 سکیل کے ملازمین کے اہلخانہ کو 34 لاکھ مالی امداددی جائےگی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے میٹروبس سروس کے کرایوں میں اضافے کی تجویزمسترد کردی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ کرائے بڑھاکرغریب عوام پربوجھ نہیں ڈالناچاہتے۔
وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آرکے ڈیجیٹل میڈیاونگ میں بھرتیوں کی منظوری دے دی ،اس کے علاوہ ڈینگی کنٹرول پروگرام اورایس ایم یومیں بھرتیوں کی اجازت بھی دے دی گئی،وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اجلاس میں نرسنگ کالجزکے ساتھ ماں بچے کیلئے ہسپتال بنانے کافیصلہ کیا ہے۔