ڈیرہ غازیخان (صبح پا کستان): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفدنے صدر خواجہ جلال الدین رومی کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں نئی انڈسٹریز کے قیام اور صنعت و تجارت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیااورڈیرہ غازی خان، تونسہ، وہوا اور سخی سرور میں لنگر خانے قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔خواجہ جلال الدین رومی اور دیگر صنعتکار لنگر خانے کھولنے کے انتظامات کریں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لنگر خانے کھولنے کے اعلان پر صنعتکار برادری کاشکریہ ادا کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ پر سمال اینڈ میڈیم انڈسٹریز کیلئے 50 ایکڑ اراضی مختص کی گئی ہے۔چھوٹے اور درمیانے صنعتکاروں کو آسان اقساط میں انڈسٹریل پلاٹ دیئے جائیں گے۔صدر خواجہ جلال الدین رومی کے مطالبے پر ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کی تعمیر کا مطالبہ منظور کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کے قیام کیلئے اراضی کی نشاندہی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مظفر گڑھ میں سپیشل اکنامک زون میں سرمایہ کاروں کو مراعات دیں گے۔ڈیرہ غازی خان چیمبر آف کامرس کے قیام کیلئے بھرپور تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی قائم ہو چکی ہیں۔ تاجروں اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے ڈیرہ غازی خان کی اندرونی سڑکوں کو بہتر بنایا جائے گا۔تاجروں اور صنعتکاروں کی راہ میں سرخ فیتہ حائل نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان سمیت جنوبی پنجاب میں صنعتیں قائم ہونے سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ تاجر برادری کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کی فلاح و بہبود کیلئے قابل تقلید اقدامات کئے۔ تاجر اور صنعتکار لنگر خانوں کے قیام کیلئے بھرپور تعاون کریں گے۔ مشیر وزیراعلیٰ حنیف پتافی، سینئر نائب صدر لطیف پتافی، نائب صدر طارق اسماعیل، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدور شیخ افضال، خواجہ محمد یونس اور سردار ذوالفقار خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔