راجن پور( صبح پا کستان ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے آج ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال راجن پو رمیں سی ٹی سکین مشین اور موبائل ڈائیگنوسٹک یونٹ کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے افتتاح کے فورا بعد سی ٹی سکین کے شعبے کا تفصیلی دورہ کیا۔ ہٹاچی کمپنی کے حکام نے سی ٹی سکین مشین کے افعال کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں ایک ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جا رہی ہیں۔ سی ٹی سکین مشین کی تنصیب، انتظامات اور عملے کی تنخواہوں کے اخراجات ہٹاچی کمپنی ادا کرے گی جبکہ ضلعی ہسپتالوں میں سی ٹی سکین ٹیسٹ مریض کیلئمفت ہوگا ، فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ مریضوں کو ایمرجنسی کی صورت میں 24گھنٹے سی ٹی سکین ٹیسٹ کی سہولت میسر ہوگی۔ راجن پور میں نصب کی جانیوالی سی ٹی سکین مشین جدید ترین ہے۔ نجی انتظام سے سی ٹی سکین مشین اور پتھالوجی لیب چلانے کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کا ہیلتھ کلچر بدل چکا ہے۔ سی ٹی سکین مشین اب خراب ہوگی او رنہ ہی عملہ غائب ہوگا۔ راجن پور کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں جدید ترین سی ٹی سکین مشین پاکستان مسلم لیگ( ن) کی طرف سے عوام کیلئے تحفہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی تعمیر نو کے منصوبوں کا بھی افتتاح کیا جن پر مجموعی طور پر 24کروڑ 60لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے او پی ڈی ، گائنی،سرد خانے،برن اور ڈینٹل یونٹ کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ مختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کی تیمار داری کی ، بچوں کو پیار کیا اور مریضوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے دورے کے دوران مریضوں کی مزاج پرسی کی اورایک مریض سے سرائیکی میں پوچھا کہ ’’سائیں ٹھیک تھیوں‘‘ جس پر مریض نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ، ’’اللہ دا شکر اے ،شہبازشریف جیونداں رو‘‘۔ وزیراعلیٰ نے ضلعی ہسپتال راجن پور میں مریضوں اور لواحقین سے ہسپتال میں دستیاب سہولتوں ، ادویات اور ڈاکٹر وں کے بارے استفسار کیا اور مریضوں نے طبی سہولتوں پراطمینان کااظہارکیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرہسپتال راجن پور میں صحت عامہ کے مختلف منصوبوں کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے انقلاب آفرین اقدامات کیے ہیں۔حکومت پنجاب کے ان اقدامات کی بدولت عوام کو صحت کی معیاری سہولیات اوراعلی معیار کی ادویات مفت مل رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تین سال قبل ضلعی ہسپتالوں کی تعمیر نو کے منصوبے کا آغاز کیا تھا۔پہلے جب میں ہسپتالوں کے دورے کرتا تھا تو مجھے ہسپتالوں کی حالت زار دیکھ کر دکھ ہوتا تھا اورمجھے ہسپتالوں کے ایم ایس کے خلاف کارروائی بھی کرنا پڑتی تھی،اب ہمارے اقدامات کے باعث ضلعی ہسپتالوں کی حالت میں بہتری آئی ہے ،پہلے میں سیلاب کے دوران ضلعی ہسپتال راجن پور آیا تھا اوراس کی حالت زار دیکھ کر مجھے بہت تکلیف ہوئی تھی ،آج یہ شاندار ہسپتال دیکھ کر مجھے انتہائی خوشی ہوئی ہے اوریہاں ہسپتال میں بہترین سرجیکل وارڈز اورڈائیلسز سنٹر اورڈینٹل سرجری کے شعبے موجود ہیں ۔یہاں سی ٹی سکین مشین بھی لگ چکی ہے جو 24گھنٹے مریضوں کی خدمت پر معمور ہے۔انہوں نے کہاکہ ہسپتال کے دورے کے دوران میں نے مریضوں سے طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا تو ایک بھی شکایت نہیں ملی اوریہی معیار ہے جو تمام لوگوں کی کاوشوں کا ضامن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے دل سے ہسپتال کے ایم ایس ،ڈاکٹرز اورسرجنز کے لئے دعائیں نکل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کی ادویات کا سٹور انتہائی شاندار ہے اوراس کا موزانہ لاہور کے کسی بھی پرائیویٹ میڈیکل سٹور سے کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب کی خدمت ہماری سیاست کا نصب العین ہے اورپاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کیے ہیں اوریہاں تعلیم، صحت سمیت اربوں روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے ہیں۔اس خطے کی ترقی کیلئے آبادی کے تناسب سے زیادہ فنڈز دےئے گئے ہیں۔ہم نے جنوبی پنجاب کی 31فیصد آبادی کیلئے 42سے 45فیصد وسائل فراہم کیے ہیں ۔چیلنجز کے باوجود ترقیاتی کاموں کو تیزرفتاری سے آگے بڑھایا ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ہم سب کا ہے اورہمیں ملکر اسے سنوارانا ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اگر اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیاتوراجن پور میں میڈیکل کالج اورٹیکنیکل یونیورسٹی بنائیں گے اوران منصوبوں کو ڈیڑھ سال کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے دن رات محنت کی ،پنجاب حکومت نے گزشتہ 5سالوں کے دوران 5ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے جو نیشنل گرڈ میں جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2010ء کے خوفناک سیلاب کی تباہ کاریوں کا پورے راجن پور کو سامنا کرنا پڑا تھا اورآج اللہ تعالیٰ کے فضل سے حالات یکسر بدل چکے ہیں اور آج کا ضلعی ہسپتال یورپ کے کسی معیاری ہسپتال سے کم درجے کا نہیں ہے ۔وزیراعلیٰ نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نامزدنگران وزیراعظم اوروزیراعلیٰ نیک نیتی اور غیر جانبداری کے حوالے سے اچھی شہرت رکھتے ہیں ،امید ہے کہ آئندہ انتخابات شفاف اورعوامی امنگوں کے عین مطابق ہوں گے۔وزیراعلیٰ نے ہسپتالوں کی حالت سدھارنے پر صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر،سیکرٹری صحت علی جان،مقامی انتظامیہ ،ایم ایس اورپوری ٹیم کی تعریف کی۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف جنوبی پنجاب کے دورے کے پہلے مرحلے میں راجن پو ر پہنچے توان کا پرجوش خیر مقدم کیا گیا ۔راجن پور کے روایتی لباس میں نوجوانوں نے پرجوش نعرے لگائے ۔ وزیراعلیٰ ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیتے رہے۔وزیراعلیٰ کی آمد کی خبر پر راستوں کے اطراف میں ہزاروں لوگ جمع ہوگئے ۔