لاہور۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے لائن آف کنٹرول پر نکرن سیکٹر میں شہری آبادی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعلی پنجاب نے بھارتی فوج کی فائرنگ سے بچی سمیت دو افراد کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے شہداء کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے اور زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ بھارت شہری آبادی کو نشانہ بنا کر عالمی قوانین اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اور شہری آبادی کو نشانہ بنانا بھارتی فوج کا انتہائی بزدلانہ اور قابل مذمت فعل ہے۔
واضح رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتا یا گیا ہے کہ ایل او سی کے نیکرون سیکٹر پربھارتی فوج نے شہری آبادی کو نشانہ بنا یا جس کے نتیجے میں پنتالیس سالہ جلیل نامی شخص اور تین سالہ نوشین نامی بچی شہید ہو گئے جبکہ تین افراد زخمی ہو گئے ،بھارتی فوج کی گولہ باری سے 3گھر جل کر خاکستر ہو گئے ۔