اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی طرف سے فراہم کردہ 19 اشیائے ضروریہ کے لئے رمضان ریلیف پیکیج 2018کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ای سی سی کے اجلاس میں ریلیف پیکیج کے تحت جن اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دی جائے گی ان میں آٹا، چینی، خوردنی تیل و گھی، دالیں، بیسن، کھجوروں، چاول، سکواشز، دودھ اور چائے شامل ہیں۔ حکومت اس پیکیج کے تحت ایک ارب 73 کروڑ 30 لاکھ روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے تحت روزمرہ استعمال کی اشیا مارکیٹ سے کم نرخوں پر فراہم کی جانی چاہئیں۔اس اجلاس میں ای سی سی نے 660 کلو واٹ ایچ وی ڈی سی مٹیاری۔ لاہور ٹرانسمیشن لائن کی فنانشل کلوزنگ تاریخ میں پرفارمنس گارنٹی کی رقم دگنا کئے بغیر سات ماہ یعنی یکم دسمبر 2018تک توسیع کی بھی منظوری دی۔ یہ فیصلہ تھر اور کراچی کے قریب کوئلہ سے چلنے والے بجلی کے آئندہ منصوبوں اور کراچی میں 1100 میگاواٹ کے ٹو پراجیکٹ کی الائنمنٹ کے لئے کیا گیا ہے۔