لاہور میں کشمیر بچا ؤ مارچ سے خطاب کے دوران سراج الحق نے کشمیر کی خاطر سڑکوں پر نکلے پہ اہل لاہور کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ لوگوں نے مجھے حوصلہ دیا ہے اور لاہور کیساتھ ساتھ پشاور، اسلام آباد اور کراچی کے لوگ بھی ہماری ایک آواز پر باہر نکلے۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کشمیری پاکستان کی محبت میں کٹ رہے ہیں اور مجھے امید تھی کہ وزیراعظم باقی سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر پر کوئی لائحہ عمل بنائیں گے۔
سراج الحق نے کہا کہ سفاک مودی کا اگلا ایجنڈا مظفرآباد اور پاکستان ہیں، یہ وہی مودی ہے جس نے گجرات میں دو ہزار مسلمانوں کو شہید کیا تھا، یہی وہ پارٹی ہے جنہوں نے بابری مسجد کو جلایا تھا اور شہید کیا تھا۔ آج میں اپنے ملک کے حکمرانوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کشمیر میں دفعہ 370 اور 35A کا خاتمہ اچانک تو نہیں ہوا، یہ تو مودی کے الیکشن کمپین اور پارٹی منشور کا حصہ تھا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ عمران خان صاحب کہتے تھے کہ مودی الیکشن جیتے گا تو مسئلہ کشمیر حل ہوگا اور یہ مسئلہ صرف مذاکرات سے حل ہوگا، مجھے یہ بتائیں آج تک کون سا ملک ہے جو مذاکرات کی بنیاد پر آزاد ہوا ہے۔ اگر جنگ مسئلے کا حل نہیں تو بتائیں حل ہے کیا؟
تحریک انصاف کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا بیڑاغرق کردیا گیا ہے،عوام کا وزیراعظم پراعتماد ختم ہوچکا ہے۔