لاہور ۔پاکستان مسلم لیگ(ن)نے مریم نواز شریف کی نیب آفس میں پیشی کے موقع پر پولیس کے ساتھ ہونے والی جھڑپوں اور تصادم کو حکومت کی جانب سے مریم نواز کو قتل کرنے کی سازش قرار دیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان ،مشیر داخلہ بیرسٹرمرزا شہزاد اکبر، چیئرمین نیب ،پنجاب حکومت اور ڈی جی نیب لاہور کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے ،اس سلسلہ میں کیپٹن(ر) صفدر کی جانب سے تھانہ مزنگ میں اندراج مقدمہ کی درخواست بھی دی گئی ہے تاہم پولیس نے درخواست وصول کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئےکہا ہے کہ مریم نواز پر قاتلانہ حملہ کرنے پر عمران خان، شہزاد اکبر ، چئیرمین نیب ، پنجاب حکومت اورڈی جی نیب پر مقدمہ درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ایف آئی آر کے اندراج کے لئے پولیس درخواست وصول نہیں کر رہی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ نہتے اور پرامن کارکنان پر حملہ کرنے والوں پہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، نیب نیازی گٹھ جوڑ نے آج عوام پر حملہ کرایا،کرپٹ اور نالائق حکمران کیا بائیس کروڑ عوام پر پرچہ کرائیں گے؟ پرچہ عوام کے آٹا، چینی چوروں پر ہونا چاہئے ،پرچہ پاکستان پر تاریخی 13000 ارب قرض کھانے والوں پر ہونا چاہئے،پرچہ تو23 خفیہ اکاونٹس کے ذریعے ملک کے خلاف سازش کے لئے پیسہ وصول کرنے والوں پر ہونا چاہئے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پرچہ توبی آر ٹی کے نام پر 126 ارب کے کھڈے کھودنے والوں پر ہونا چاہئے ،پرچہ لاکھوں لوگوں کو بے روزگارکرنے والے روزگار دشمن حکمرانوں پر ہونا چاہئے پرچہ توگیس بجلی چوروں پردرج ہونا چاہئے۔