لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ ممبئی حملوں میں پاکستان سے دہشتگرد انڈیا بھیجے جانے کے انتہائی گھناؤنے اور سنگین الزام پر قوم مطالبہ کرتی ہے کہ نواز شریف مذکورہ میڈیا رپورٹ کے تناظر میں چوبیس گھنٹے کے اندر وضاحت پیش کریں ورنہ قوم کا یہ شک کامل یقین میں تبدیل ہوجائے گا کہ نااہل نواز شریف پاکستان کے خلاف انڈیا کے سلطانی گواہ بن چکے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 3 بار وزیر اعظم رہنے والے شخص کے حوالے سے ممبئی حملوں سے متعلق پاکستان پر الزام نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، یہ ریاست کے خلاف اعلانیہ بغاوت اور بھارتی بیانیہ ہے ،اس کی مکمل چھان بین ہونی چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس سے قبل بھی یہ بات قوم کے روبرو پیش کر چکے ہیں کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا جاتی امراء نجی تقریب میں آنا،جندال کا بغیر کسی پیشگی اطلاع کےنوازشریف سے ون ٹو ون ملاقات کرنا ، پاکستان کوتوڑنے کے ایجنڈے پر کام کرنیوالے کلبھوشن کی گرفتاری پر مذمت نہ کرنااور گذشتہ پانچ سال میں 70سال سے زیادہ کنڑول لائن پر حملے ہونا بلاجواز نہیں ہے،بھارت دہشتگرد بھیجے جانے کے گھناؤنے الزام کے بعد اس امر میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے کہ نااہل نواز شریف کرپٹ ہی نہیں سیکیورٹی رسک بھی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی الزام تراشی کی صداقت جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیشن قائم کیا جائے،بھارت میں دہشتگرد بھیجنے کا الزام دہشتگردی کی جنگ اور 70ہزار سے زائد قربانیوں سے غداری ہے۔