اسلا م آباد ۔ وفاقی وزیراطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ نوازشریف لوگوں کو بغاوت پراکساکرملک کو کمزور کررہے ہیں،ہم ملک داﺅ پر نہیں لگانے دیں گے۔
وزیراطلاعات شبلی فرازنے میڈیا کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے نہیں عدالت نے کہا کہ نوازشریف قانون کا مذاق اڑا کر باہر گئے،نوازشریف کی تقریر سے لگ رہا ہے کہ وہ ملک سے بدلہ لے رہے ہیں،نوازشریف اپنی تقریروں سے لوگوں کو اکسا کر بغاوت کررہے ہیں، ہم کسی کو ملک داﺅ پر نہیں لگانے دیں گے،نوازشریف اور متحدہ بانی ایم کیو ایم کی تقریرمیں کوئی فرق نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کو کورونا میں سہارا دیا اور نوازشریف بے چینی پھیلارہے ہیں،نوازشریف باتوں میں الجھانے کے بجائے عدالت کے سوالوں کے جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف نے پہلے دن ہی کہا تھا کہ حکومت ناکام ہے کیونکہ ان کو پتا تھا عمران خان اب ان کو نہیں چھوڑے گا۔ 7کروڑ کی گھڑی پہن کر غریبوں کے ساتھ ہمدردی سمجھ سے بالا تر ہے، ان لوگوں کو اگر الیکشن پر اعتراض ہوتا تو الیکشن کمیشن میں جاتے ،کیا ملک میں ہر بار اقتدار ان کا ہی حق ہے،جب ان کی حکومت ہو تو ادارے ٹھیک ،جب حکومت سے باہر ہوں تو اداروں کو برابھلا کہنا شروع کردیتے ہیں۔
وفاقی وزیرکا کہنا تھاکہ نوازشریف حکومت کو بلیک میل نہیں کرسکتے، ملک کی معیشت کا بیڑا غرق کرنے والے بہتان لگار ہے ہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ بہتان لگانے سے حکومت دباﺅ میں آجائے گی لیکن عمران خان پریشر میں اور بھی مضبوط ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا لندن میں بیٹھ کر ملک کو گالیاں دینے والوں ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کیا، بجلی کے مہنگے معاہدے کیے اور اب لندن میں بیٹھ کر نیلسن منڈیلا بن کر تقریریں کرر ہے ہیں،جرات کا مظاہرہ کریں اور پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کریں۔