راولپنڈی: میجر جنرل بابر افتخار کو پاک فوج کا نیا ترجمان مقرر کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق میجر جنرل بابر افتخار کو آصف غفور کی جگہ پاک فوج کا نیا ترجمان مقرر کردیا گیا ہے جب کہ سابق ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور کو جی او سی اوکاڑہ تعینات کیا گیا ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار آرمڈ کور کی یونٹ سکس لانسر سے تعلق رکھتے ہیں، انہوں نے 1990 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے گریجویٹ ہیں، اس کے علاوہ وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اور اردن کے رائل کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کے فارغ التحصیل ہیں۔
میجر جنرل بابر افتخار کمانڈ اینڈ اسٹاف پوزیشنز پر کام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، انہوں نے آپریشن ضرب عضب کے دوران انفنٹری اور آرمڈ بریگیڈ کی کمانڈ بھی کر رکھی ہے۔ اس کے علاوہ میجر جنرل بابر افتخار این ڈی یو اور پی ایم اے میں انسٹرکٹر کی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔
میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانیوں کی جانب سے ملنے والے پیار اور تعاون کا جتنا شکریہ ادا کروں کم ہے، اپنی مدت کے دوران تعاون پر سب کا شکر گزار ہوں بالخصوص میڈیا کا جب کہ نئے ڈی جی آئی ایس پی آر کے لیے دعا گو ہوں۔