ملتان ۔ وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے مودی حکومت پر زور دیا ہے کہ ہندوستانی مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے جو کہ ملک میں ہندو اکثریت کےمظالم کاشکار ہیں۔
سرکاری ٹی وی کے مطابق ملتان میں میڈیاسےگفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمانوں کے خلاف وحشیانہ کارروائیوں کو روکا جائے،بعض اخبارات میں یہ خبر شائع ہوئی ہے کہ بھارت میں ہندو اکثریت کے ہاتھوں مسلمانوں پر مظالم کیے جارہے ہیں،مودی حکومت کو چاہئے کہ بھارتی مسلمانوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے جو کہ بھارت میں ہندو اکثریت کےمظالم کاشکار ہیں۔انہوں نےاس موقع پر بھارت میں موجود اقلیت کی حیثیت سے مقیم لاکھوں مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد بھی دی اور کہا کہ عید سعید کے پر مسرت موقع پرہمیں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مسلمانوں کو بھی ہرگز فراموش نہیں کرنا چاہیے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عید الفطر کا یہ دن دلوں سے دلوں کو ملانے اور قوم کے تمام طبقوں کے درمیان فرق ختم کرنے کا دن ہے۔انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان کی قربانیوں سے سبق سیکھنا چاہیے جنہوں نے اپنی قیمتی جانوں کو مادر وطن کی حفاظت کرتے ہوئے قربان کر دیا جبکہ ہمیں اپنے رہنماؤں سے بھی سبق حاصل کرنا چاہیے جن کی جدوجہد معاشر ے میں ہمارے لئے عزت اور وقار کا باعث بنی ہے۔