کراچی :(مانیٹرنگ ڈیسک ) پاک بحریہ نے 23 مارچ یومِ پاکستان کی مناسبت سے ایک خصوصی نغمہ ۔۔ موجوں پہ قدم ۔۔ جاری کیا ہے۔
سمندر کی لہروں کو چیر کر وطن کی حفاظت کرنے والے جوانوں کو قوم فخر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، پاکستان کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کا بنیادی کردار ہے۔
یوم پاکستان کے موقع پر پاک بحریہ نے ایک خصوصی نغمہ جاری کیا ہے،جس کا عنوان ۔۔ موجوں پہ قدم ۔۔ ہے۔ اس حوالے سے پاکستان نیوی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملی نغمہ پاک بحریہ کی چار جہتی صلاحیتوں کا عکاس ہے۔
پاک بحریہ15اگست1947ءکو پاکستان کی ریاست کے قیام کے ساتھ وجود میں آئی تھی، یہ پاکستان کی 1,046 کلومیٹر (650 میل) لمبی ساحلی پٹی کے ساتھ ساتھ بحیرہ عرب اور اہم شہری بندرگاہوں اور فوجی اڈوں کے دفاع کی ذمہ دار ہے۔
تقسیم ہند کے بعد بحریہ کو صرف200 افسران اور3000 سيلرز ملے جن ميں کموڈور ايچ ايم ايس چوہدری سینئر ترین افسر تھے، ابتدائی ایام میں پاک بحریہ کو ناکافی عملے، آپریشنل اڈوں کی کمی اور ٹیکنالوجی اور وسائل کی کمی کے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
Source: https://urdu.arynews.tv/pakistan-navy-song-release-23-march