لندن ۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا ہے کہ 16 ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا،جب ملک میں کمی تھی تو گندم اورآٹا ملک سے باہر کیوں بھیجا گیا؟کس کے حکم پر اور کس قیمت پر برآمد ہوا؟ 16 ماہ میں گندم کے ذخائر کہاں گئے ؟
تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر کئے گئے ٹوئٹس میں شہبازشریف نے کہاکہ16 ماہ میں ہر چیز کے تباہ ہونے کی وجوہات کا پتہ لگانا ہوگا۔اگر ہر شعبے کی تنزلی کو بریک نہ لگائی گئی تو چند ماہ بعدحالات ٹھیک کرنے کے لئے کسی معجزہ کی ضرورت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران صاحب لاعلم ہیں تو یہ نالائقی کی انتہا ہے اور اگر ان کی مرضی سے ہورہا ہے تو پھر وہ کرپٹ عناصر کے سرغنہ ہیں,قوم کی چیخیں نکلوانے کے باوجود اربوں روپے کے مزید ٹیکس کی بازگشت قیامت در قیامت ہے۔
شہبازشریف کا کہنا تھاکہ مزید ٹیکس لگانے سے معیشت کی رہی سہی سانس بھی بند ہوجائے گی۔ ملک میں اصلاحات کے نام پر حماقتوں کو بازار گرم ہے اور اس افراتفری میں چند موقع پرستوں کے وارے نیارے ہوگئے ہیں۔آٹے کے بحران پر فوراتحقیقات ہونی چاہییں،جب ملک میں کمی تھی تو گندم اورآٹا ملک سے باہر کیوں بھیجا گیا؟کس کے حکم پر اور کس قیمت پر برآمد ہوا؟ 16 ماہ میں گندم کے ذخائر کہاں گئے ؟ انہوں نے کہا کہ قوم کو معلوم ہونا چاہئے کہ ملک وقوم کا نقصان کرکے کس نے فائدہ اٹھایا؟