ملتان ۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عرفان نواز میمن کی ہدایت پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جنوبی پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہوئے سیوریج کے پانی سے 105 کنال پر کاشت کی گئی سبزیاں تلف کردیں، اس کے علاوہ ڈی جی خان میں ناکہ بندی کے دوران دودھ بردار گاڑیوں میں موجود 3708 لیٹر دودھ کی چیکنگ کے دوران 228 لیٹر پانی ملا، ناقص دودھ تلف کردیا گیا۔ اس کے علاوہ ملتان،جنوبی پنجاب بھر میں 263 فوڈ پوائنٹس کو وباء سے متعلق ضروری ہدایات جاری کی گئی اور صفائی کی صورتحال بہتر نہ ہونے پر 232 فوڈ یونٹس کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے، اسی طرح حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے پر 22 فوڈ پوائنٹس کو 89,500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔دوران کارروائی 500 کلو گوشت، 100 کلو غیرمعیاری مٹھائی، 05 لیٹر رینسڈ آئل اور دیگر مضرصحت خوراک موقع پر تلف کی گئی۔ لیہ میں آصف آئس فیکٹری کو سابقہ ہدایات پر عمل نہ کرنے، اور صفائی کے ناقص انتظامات پر سربمہر کیا گیا ۔ راجن پر میں واقع ستارہ حبیب سالٹ فیکٹری کو ناقص انتظامات پر سیل کیا گیا۔