ملتان ۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ٹائیگر رضاکار فورس قوم کا سرمایہ اور ہراول دستہ ہے، آج تک اس فورس میں ملک بھر سے 10لاکھ سے زائد افراد رجسٹریشن کروا چکے ہیں جن میں ڈاکٹر ‘ انجینئر ‘ وکلا‘ سول سوسائٹی ‘ پروفیسر‘ صحافی سمیت ملک کے نمایاں پیشوں سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان کے حلقہ این اے157کی یوسی 55اور 56کے ٹائیگر فورس کے رضا کاروں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ مخدومزادہ زین حسین قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ انہوں نے کہا کہ این اے 156میں ٹائیگر فورس کے رضا کاروں کو متحرک کردیا ہے جبکہ این اے 157 کی دو یونین کونسلوں کے روزانہ 200 سے زائد رضا کاروں سے خطاب کرکے ان کو متحرک کررہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ مجموعی طور پر دونوں حلقوں کے 10ہزار سے زائد ٹائیگر رضا کاروں کو متحرک کریں گے اور وہ اپنی یونین کونسلز میں خدمات سرانجام دیں گے۔