ملتان ۔ سکولوں میں کلاسز شروع کرنے اور میٹرک کے امتحان کے انعقاد کے لیے مختلف تجاویز زیر غور ہیں، ذرائع کے مطابق سکولوں میں سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کیلئے ابتدائی کچھ دنوں میں آدھی کلاسز ایک دن جبکہ آدھی کلاسز دوسرے روز بلائے جانے کی تجویز ہے،
نویں اور دسویں کے امتحان لینے کے لیے سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے کی خاطر تمام ہائی اور ہائرسیکنڈری سکولوں کے ساتھ ساتھ مڈل سکولوں میں بھی امتحانی سنٹر بنائے جائیں گے ، اس سلسلےمیں اضافی سرکاری اساتذہ کی ڈیوٹیاں لگانے یا پرائیویٹ سکولوں کے اساتذہ کی خدمات حاصل کرنے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ انٹرمیڈیٹ کے امتحان 29جون سے شروع ہونگے اس دوران سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے لئے احتیاط کے طور پر کالجز کے ساتھ ساتھ تمام ہائر سیکنڈری سکولوں میں بھی اضافی امتحانی سنٹر بنائے جائیں گے۔ تمام کلاسز میں نئے داخلے بھی یکم جون سے شروع ہوں گے اور کتابیں بھی اسی روز مہیا کردی جائیں گی۔