لاہور ۔ پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں پولیس کے مبینہ تشدد سے کسان اتحاد کا ایک رہنما جاں بحق ہوا جس کے بعد اب پولیس کے ایک افسر کی ویڈیو سامنے آگئی ہے جو واٹر کینن کے عملے کو ہدایت کر رہا ہے کہ کسانوں کے اوپر کیمیکل ملا پانی ڈالو۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ پہنے ہوئے ایک پولیس افسر واٹر کینن کے عملے کو پانی میں کیمیکل ملانے کی ہدایات دے رہا ہے۔ ’ آپ کو پتا ہے آپ نے کیا کرنا ہے؟ کیمیکل پلس پانی، بلا جھجک، بالکل کھینچ کے رکھنا ہے، ان کو چھٹی کا دودھ یاد آجائے۔‘
ویڈیو میں موجود ایک اور شخص نے اپنے افسر کو بتایا کہ واٹر کینن کے عملے کے پاس جو کیمیکل ہے اس کا چھڑکاؤ کرنے کے بعد کسانوں نے ویسے ہی بھاگ جانا ہے۔
خیال رہے کہ بدھ کے روز پاکستان کسان اتحاد کی جانب سے ٹھوکر نیاز بیگ پر دھرنا دیا گیا تھا۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ کی اور ان پر کیمیکل ملا پانی بھی پھینکا۔ پولیس کے تشدد سے وہاڑی سے تعلق رکھنے والے کسان رہنما ملک اشفاق لنگڑیال زخمی ہوگئے جنہیں جناح ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جمعرات کو انتقال کرگئے۔
پولیس کا موقف ہے کہ اشفاق لنگڑیال کو جمعرات کو دل کا دورہ پڑنے پر ہسپتال لایا گیا تاہم کسان اتحاد کا کہنا ہے کہ ان کا انتقال پولیس تشدد کے باعث ہوا ہے۔ دوسری جانب حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔