مدینہ ۔ کوروناوائرس سے بچاﺅ کیلئے ہنگامی اقدامات کے بعددوبارہ مسجد الحرم اور مسجد نبوی کو کھول دیاگیا، یادرہے کہ مطاف کو بھی جزوی طورپر بند کردیاگیاتھا۔
خلیج ٹائمز نے الاخباریہ ٹی وی چینل کے حوالے سے بتایاکہ کرونا وائرس سے بچاﺅ کے سپرے وغیرہ کیے جانے کے بعد جمعہ کی صبح دونوں مساجد کو کھول دیاگیا، سعودی عرب نے وائرس کے ممکنہ پھیلاﺅ کو روکنے کے لیے پچیس ممالک سے آنیوالے غیرملکی زائرین اور سیاحوں کیلئے مقامات مقدسہ کو بند کردیاتھا، یہ بھی کہاگیاتھاکہ خلیجی ممالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو بھی بیرون ممالک سے واپس آنے کے بعد 14دن انتظار کرنا ہوگا۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے پانچ کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، تاہم ٹی وی چینل نے یہ واضح نہیں کیا کہ زائرین کو ان مقامات پر واپس آنے کی اجازت ہوگی یا نہیں ، یاصرف سعودی شہریوں کیلئے ہی مساجد کھولی گئیں تاکہ جمعہ کی نماز پڑھ سکیں۔
یہ بھی واضح رہے کہ مطاف بند کردیا گیاتھا تاہم مسجد الحرام کے فلورز سے طواف جاری تھا اور اس کے بعد بھی اوقات مقرر کردیئے گئے تھے۔
ایسی بھی کچھ تصاویر سامنے آئی تھیں جن میں مطاف خالی دکھائی دے رہا تھا۔