لاہور ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہاہے کہ مافیاکوڈر لگا ہواہے کہ اگر حکومت کامیاب ہوگئی تو ہماری دکانیں بند اور پیسے جولوٹے ہوئے ہیں ، وہ بھی پکڑے جائیں گے ۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارا بہت بڑے مافیا سے مقابلہ ہے جو مسلسل پروپیگنڈہ میں لگا ہوا ہے ،اس مافیانے مجھے پہلے دن اسمبلی میں تقریر نہیں کرنے دی ۔ ان کاخیال تھا کہ ڈالرتین سوروپے تک پہنچ جائے گا اور ہم سے حکومت نہیں چل سکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اب ملک اٹھنے لگاہے اور ورلڈ بینک کے سربراہ نے آکر حکومت کی معاشی پالیسی کی تعریف کی ہے تو یہ سب اکٹھے ہوگئے ہیں ، کوئی کہہ رہاہے کہ ختم نبوت کا مسئلہ ہے ، کوئی یہودی لابی کہہ رہاہے ۔ سب کامقصد ایک ہے ، مافیاکوڈر لگا ہواہے کہ اگر یہ کامیاب ہوگئے تو ہماری دکانیں بھی بند اور ان کے پیسے جولوٹے ہوئے ہیں ، وہ بھی پکڑے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارامافیا ہے ، ان کا مقصد پاکستان نہیں ہے بلکہ ان کامقصد پیسہ بچاناہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں چیلنج کرتا ہوں کہ پاکستان میں جتنی اصلاحات ہوئی ہیں ، اتنی پہلے نہیں ہوئیں ۔ یہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے پیچھے پڑے ہوئے ہیںکہ وہ بڑے بڑے محلوں میں نہیں رہتا، میں نے اور عثمان بزدار نے مل کر اصلاحات کی ہیں بہترین بیورو کریٹ لیکر آئے ہیں ، وہ آئی جی لیکر آئے ہیں پولیس ڈیپارٹمنٹ میں جس کی سب سے زیادہ عزت ہے ۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پنجاب کے بڑے بڑے ڈاکٹرز کے بورڈ نے ہمیں جورپورٹ دی تھی اس کے مطابق نوازشریف کی صحت اتنی بری ہے کہ وہ کسی وقت بھی موت کے منہ میں جاسکتاہے جس پر ہم نے انسانی ہمدردی کی بناءپر نواز شریف کو باہر جانے کی اجازت دی اور اب پتہ چل جائے گا کہ کیا ہوا؟وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ سموگ سے بچے بہت متاثر ہورہے ہیں ۔ پشاور اورلاہور میں سموگ کے بہت سے مسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کچھ فیکٹریاں آلودگی کی وجہ ہیں۔ ماحولیاتی آلودگی کا لوگوں کی صحت پر برا اثر پڑ رہاہے۔انہوں نے کہا کہ سموگ کے مسئلے پرماضی میں توجہ نہیں دی گئی۔ لاہورمیں 10سال میں 70فیصددرخت کم ہوئے ہیں۔درخت کم ہونےکی وجہ سے بہت نقصان ہوا۔ بھارت میں دھان کی فصل جلانے سے پاکستان میں آلودگی پھیلی۔انہوں نے کہا کہ گاڑیوں کادھواں بھی فضاکوآلودہ کرتاہے،سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا ہے۔ بیرون ممالک سے صاف تیل درآمدکرنے کافیصلہ کیاہے۔آلودگی روکنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریں گے۔ شہروں میں بسیں ہائی برڈ یا الیکٹرک چلائی جائیں گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ 3 سال میں کوالٹی بہترنہ کی توآئل ریفائنریزبندکردیں گے۔ لاہورمیں60 ہزارکنال جگہ پرجنگلات لگانے کافیصلہ کیاہے۔