لیہ( صبح پا کستان )معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب سید رفاقت علی گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نوجوانوں کی ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کر کے مستقبل کاکارآمد شہری بنانے کے لیے ضلع لیہ میں 14کروڑ35لاکھ روپے کی لاگت سے بہادر لائبریری کمپلیکس ،دو سو بستروں پر 15کروڑ روپے کی لاگت سے مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیرکا کام عمل میں لارہی ہے اسی طرح ضلع لیہ کی تمام یونین کونسلوں میں بنیادی صحت ،تعلیم و مواصلات کی سہولیات کے لیے کثیر فنڈز کے استعمال سے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جارہے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے یونین کونسل لوہانچ نشیب میں دو کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر کہی ۔ اس موقع پر مہر کامران ،مخدوم انصر علی قریشی،حسن خان کلاچی،عزیزمہدی قریشی اور معززین علاقہ کی کثیرتعداد موجو دتھی ۔ سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ گزشتہ سات سالوں میں جنوبی پنجاب کو 265ارب روپے کی خطیر رقم سے محروم رکھاگیا جس کی وجہ سے جنوبی پنجاب کے اضلاع پسماندگی کا شکارہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب جنوبی پنجاب کے لوگوں کو اعلی معیار کی سماجی سہولیات فراہمی کے لیے کوشاں ہیں تاکہ لوگوں کو احساس کمتری اور پسماندگی سے نکالاجائے جس کے لیے نئے بجٹ میں پنجاب کے مختلف شہروں میں 40ارب روپے کی لاگت سے جدید ہسپتالوں کا قیام عمل میں لایاجارہا ہے جن میں دوسو کنال رقبہ پر مشتمل لیہ میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال شامل ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو صحت انصاف کارڈ کے ذریعے مفت طبی سہولیات فراہمی کے سلسلہ میں 2ارب روپے مختص کیے ہیں اور جامع حکمت عملی کے تحت صاف پانی کی فراہمی کے لیے آب پاک اتھارٹی تشکیل دی گئی ہے جو آٹھ ارب روپے کی لاگت سے صاف پانی کے منصوبے مکمل کرئے گی تاکہ لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنایاجاسکے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ بناکر تیز تراقدام کے ذریعے انقلابی تبدیلی لائی جاسکے کیونکہ ماضی میں جنوبی پنجاب کی ترقی کی باتیں کاغذئی کارروائی تک محدود رہیں جبکہ وزیر اعلی پنجاب کی قیاد ت میں جنوبی پنجاب کے تمام شہروں میں یکساں بنیادوں پر جدید اور معیاری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی آغاز کردیا گیا ہے ۔