لیہ( صبح پا کستان ) حکومت کی طرف سے اب تک ضلع بھر میں کورونا لاک ڈاون کے 10 ہزار سے زائد متاثرین کو 12 کروڑ سے زائد رقم کی امداد دی جا چکی ہے۔تمام ضلعی،صوبائی،وفاقی اور نجی محکمے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کی احسن انداز میں تکمیل کے لئے جانفشانی سے فرائض انجام دیں۔یہ بات ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے کمیٹی روم میں احساس پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب عثمان خان بزدار احساس پروگرام کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں اور تمام متاثرین کی امداد تک آپریشن بلا تعطل جاری رہے گا۔ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءنے ہدایت کی کہ تمام ضلعی محکموں کے افسران کیش سینٹرز پر مرحلہ وار ڈیوٹی دیں گے اور رقوم کی ادائیگی کو منظم انداز میں ترتیب دینے کے لئے متعلقہ اداروں کی معاونت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام کیش سینٹرز اور کاونٹرز پر انسداد کورونا کے تمام انتظامات کئے جائیں اور امداد کے لئے آنے والی خواتین سے باعزت طریقہ سے پیش آیا جائے تاکہ کسی کا وقار اور عزت نفس مجروح نہ ہو۔ فوکل پرسن احساس ایمرجنسی کیش پروگرام ملک اورنگزیب نے اجلاس میں تمام سینٹرز اور انتظامات بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر اے ڈی سی جی اشفاق سیال، اسسٹنٹ کمشنرز ،سی ای او تعلیم شرافت بسرا، ڈی ڈی سوشل ویلفئر مشتاق حسین اور متعلقہ افسران موجود تھے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر اظفر ضیاءاور ڈی پی او حسن اقبال نے احساس ایمرجنسی کیش سنٹرکوٹ سلطان کا اچانک معائنہ کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر لاک ڈاون متاثرہ خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے سہولیات بارے استفسار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ ضلعی انتظامیہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر آخری متاثرہ فرد تک امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر ہدایت کی کہ تمام متعلقہ بنک اپنے سٹاف اور آلات خصوصاً بائیو میٹرک ڈیوائس کو فعال رکھیں اس سلسلہ میں کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی